منگلورو:5/اپریل (ایس او نیوز) پولیس کمشنر کے دفتر کے باہر احتجاج کرنے و الے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے کارکنوں کو دبانے ان پر پولیس لاٹھی چارج کے واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے شعبہ اقلیت نے اس معاملہ کی عدالتی جانچ کا مطالبہ کیا اور موجودہ کمشنر پولیس منگلورو کے تبادلہ کے لئے دباؤ ڈالا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے اقلیتی سیل کے نائب صدر و سابق میئر کے اشرف نے کہا کہ حکومت کو اندرون 15دن مطالبات کی تکمیل کرنی چاہئے بصورت دیگر وہ احتجاج میں شدت پیدا کریں گے۔پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ارکان احمد قریشی سے انصاف کرنے کا مطالبہ کرنے کیلئے جمع ہوئے تھے جو پولیس کے مظالم سے متاثر ہوا تھا اور اب تک اس کے ساتھ انصاف نہیں کیاگیا۔مسٹر اشرف نے حکومت سے قریشی کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ یہ الزام لگاتے ہوئے کہ شہر میں اقلیتوں کو دبانے کیلئے حکمت عملی پر مبنی منصوبوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے، اشرف نے کہا کہ حالیہ ماضی میں پیش آئے واقعات ' ان کے دعوے کے مضبوط شواہد ہیں تاہم سیل کے ارکان کی صحافیوں سے اس وقت بحث و تکرار ہوگئی جب ان صحافیوں نے سوال کیا کہ لاٹھی چارج کے واقعہ کے لئے ضلع کے انچارج وزیر راماناتھ رائے کو راست طور پر ذمہ دار کیوں نہیں قرار دیا جانا چاہئے؟۔